این اے 108: ووٹوں کی دوبارہ گنتی، عابد شیر علی کی شکست برقرار

Last Updated On 02 August,2018 05:17 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے باوجود فرخ حبیب کو 1201 ووٹوں کی برتری حاصل رہی، عابد شیر علی فیصلہ سنے بغیر عدالت سے روانہ ہو گئے۔

فیصل آباد کے حلقہ این اے 108 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے عمل کے بعد بھی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عابد شیر علی 1201 ووٹوں سے ہار گئے۔ عابد شیر علی کی جانب سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے ریٹرننگ افسر شکیل احمد سپرا کی عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی، جس پر عدالتی حکم پر 6 روز تک ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل جاری رہا۔

ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد جاری ہونے والے رزلٹ کے مطابق بھی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عابد شیر علی کو پی ٹی آئی کے میاں فرخ حبیب سے 1201 ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد جاری ہونے والے رزلٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے فرخ حبیب کے 1 لاکھ 12 ہزار 29 ووٹ جبکہ مسلم لیگ ن کے 1 لاکھ 10 ہزار 828 ووٹ نکلے۔

ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران سیکیورٹی کے بھی سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔ 6 روز تک سیکیورٹی کے نام پر سیشن کورٹ کی جانب آنے والے تمام تر راستوں کو خاردار تاریں اور بیرئیرز لگا کر عام ٹریفک کیلئے بلاک کئے رکھا گیا، جس سے شہریوں کو بھی خاصہ مشکلات کا سامنا رہا۔