لاہور ہائیکورٹ کا فرخ حبیب کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم

Last Updated On 03 August,2018 02:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 اگست تک جواب طلب کرلیا۔

پاکستان مسلم لیگ نوں کے رہنما عابد شیر علی نے این اے 108 فیصل آباد میں دوبارہ گنتی کی درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ پولنگ ایجنٹس کو گنتی کے وقت باہر نکال دیا گیا، مخالف امیدوار کو جتوانے لے لیے جعلی فارم 45 بنائے گئے، عدالت حلقہ میں دوبارہ گنتی کا حکم دے۔

ادھر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے انتخابات کے بعد دوبارہ گنتی کی درخواستیں مسترد کیے جانے کےخلاف کیسزکی سماعت کی۔ این اے 114 میں دوبارہ گنتی سے متعلق دلائل دیتے ہوئے درخواست گزار فیصل صالح حیات کے وکیل نے کہا کہ دونوں امیدواروں میں 5 فیصد سے کم ووٹوں میں فرق ہو تو آر او دوبارہ گنتی کا پاپند ہے، ہمارے کیس میں ریٹرنگ افیسر نے 10 پولنگ اسٹیشن کے بعد دوبارہ گنتی کا عمل روک دیا۔ امیدوار محبوب سلطان کے وکیل نے کہا کہ 10 حلقوں میں دوبارہ گنتی درخواست گزار کی رضامندی سے کی گئی۔ عدالت نے مخدوم فیصل صالح حیات کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

دیگر درخواستوں کی سماعت کے دوران جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آر او کے پاس 5 فیصد سے کم جیت کے مارجن پر دوبارہ گنتی کا اختیار تھا، پتہ نہیں آر اوز کو کیا مسئلہ تھا، انہوں نے کیوں دوبارہ گنتی کی درخواست منظور نہیں کی، ہم الیکشن کمیشن کے احکامات پر آرڈ جاری کر سکتے ہیں آر او کیخلاف نہیں۔ الیکشن کمیشن کےوکیل نے کہا کہ ریٹرننگ افسران کیخلاف درخواستوں کو سناجا رہا ہے، کوئی امیدوار الیکشن کمیشن میں ریٹرننگ افسر کیخلاف درخواست دائر کرسکتا ہے۔

عدالت نے این اے 15 ایبٹ آباد میں تحریک انصاف کے علی اصغر اور پی پی 111 فیصل آباد مسلم لیگ ن کے اسرار احمد کی فیصل آباد درخواستوں پر سماعت پیر تک ملتوی کر دی جبکہ سندھ سے پیپلزپارٹی کے 5 اور ایم کیو ایم پاکستان کے ایک امیدوار کا معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس عباد الرحمن لودھی نے پی پی 6 راولپنڈی میں دوبارہ گنتی سے متعلق ن لیگی امیدوار راجہ اشفاق سرورکی درخواست مسترد کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔