ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں کمیٹیوں کی سطح پر مذاکرات پر اتفاق

Last Updated On 29 July,2018 12:10 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کا خورشید شاہ سے ٹیلی فون پر رابطہ، دونوں رہنماؤں کا ون آن ون کے بجائے کمیٹیوں کی سطح پر مذاکرات پر اتفاق، خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو بتا دیا کہ پیپلز پارٹی کیس پارلیمنٹ میں لڑنا چاہتی ہے۔

صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے خورشید شاہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کا ون آن ون کے بجائے کمیٹیوں کی سطح پر مذاکرات کا اتفاق ہوا۔ خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو پارٹی مؤقف اور کمیٹی کے قیام سے آگاہ کیا ہے اور ان کو بتا دیا ہے کہ پیپلزپارٹی کیس پارلیمنٹ میں لڑنا چاہتی ہے۔

دنیا نیوز سے گفتگو میں خورشید شاہ نے مزید بتایا کہ سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کیلئے پیپلزپارٹی نے کمیٹی بنا دی ہے، جس میں میرے ساتھ نوید قمر، یوسف رضا گیلانی، شیری رحمان، راجہ پرویز اشرف اور قمرزمان کائرہ شامل ہیں۔ مسلم لیگ ن کی کمیٹی میں شاہد خاقان، سعد رفیق اور ایاز صادق ہیں۔ 

خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ اب اتوار کو پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی کمیٹیوں کے درمیان ملاقات ہوگی، دونوں جماعتوں کی کمیٹی مشترکہ طور پر ایم ایم اے کی قیادت، اسفندیار ولی، محمود اچکزئی اور فاروق ستار سے ملاقاتیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کو اسمبلیوں سے حلف نہ اٹھانے کا فیصلہ واپس لینے پر قائل کریں گے۔