پنجاب میں حکومت سازی، مسلم لیگ ن کی کوششیں تیز

Last Updated On 28 July,2018 11:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں حکومت سازی کے لیے جوڑ توڑ عروج پر، میاں شہباز شریف اور مخدوم احمد محمود کی ملاقات، دونوں جانب سے پنجاب میں اتحاد پر مثبت گفتگو، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چودھری پرویز الہٰی کو فون کیا۔

پنجاب میں سیاسی جوڑ توڑ جاری، ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں پہلا اعلیٰ سطحی رابطہ ہوا، پنجاب میں پیپلز پارٹی کے 6 اراکین کی حمایت حاصل کرنے کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی۔ صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ شہباز شریف نے خورشید شاہ سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ شہباز شریف کی کل اسلام آباد میں خورشید شاہ سے ملاقات متوقع ہے۔

مخدوم احمد محمود کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ن لیگ کے مدد کے حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا۔ پنجاب میں حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن کی مدد کا فیصلہ چیئرمین بلاول بھٹو اور سابق صدر آصف زرداری کریں گے۔ ادھر چیئرمین بلاول بھٹو نے اس حوالے سے فیصلہ کرنے کے لیے 7 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنماء خورشید شاہ کا ایاز صادق سے رابطہ ہوا۔ خورشید شاہ نے ایاز صادق سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا دونوں رہنماء اتوار کے روز ملاقات کریں گے۔ جس میں انتخابی صورتحال اور آئندہ حکمت عملی پر مشاورت ہو گی۔ شہباز شریف بھی ممکنہ طور پر ملاقات میں شامل ہوں گے۔

ملاقات میں بطور اپوزیشن مشترکہ حکمت عملی پر مشاورت ہو گی، اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں کی مشاورت کے بعد دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے ہوں گے اور حلف نہ اٹھانے کا فیصلہ کرنے والی جماعتوں کو حلف اٹھانے پر قائل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

مسلم لیگ ن نے مسلم لیگ ق سے بھی رابطہ کیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چودھری پرویز الہٰی کو فون کیا ہے۔