لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں حکومت سازی کے لیے پی ٹی آئی سرگرم، آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے 4 ارکان پنجاب اسمبلی کپتان کی کشتی میں سوار ہوگئے۔ پنجاب پر راج کرنے کے لیے مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف آمنے سامنے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف تحت لاہور پر بیٹھنے کے لیے سرگرم، آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے پنجاب اسمبلی کے 4 نو منتخب ارکان نے عمران خان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کر لیا۔ کبیروالا سے حسین جہانیاں گردیزی، لیہ سے سید رفاقت حسین شاہ اور بشارت رندھاوا جبکہ ڈی جی خان سے حمید پتافی نے بنی گالا میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اور کپتان کے قافلے میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 123 جب کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان کی تعداد 129 ہے۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ (ق) کے 7 اورپیپلز پارٹی کے 6 ارکان ہیں، پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر 29 آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں۔
چار آزاد امیدواروں کے تحریک انصاف میں شامل ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے اراکین کی تعداد 127 ہو گئی ہے۔ موجودہ صورت حال میں آزاد امیدواروں کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے۔