لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف نے کارکنوں کو پیغام میں کہا ہے کہ برسوں سے ہمارا مقدر بن جانیوالی گرتی ہوئی دیوار کو آخری دھکا دو۔
میاں نواز شریف نے لیگی کارکنوں کو اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ میں اور مریم اس لئے قید کئے گئے کہ آپ کے ووٹ کی عزت کی تحریک اٹھائی، وقت آ گیا ہے کہ آپ اس تحریک کو کامیاب بنائیں، ایسا تاریخی فیصلہ سنائیں جو تمام فیصلوں کو بہا لے جائے۔
انہوں نے کہا کہ میں جیل سے عوام کا جوش و خروش اور ولولہ دیکھ اور ہر طرف سے ووٹ کو عزت دو کے نعرے سن رہا ہوں۔ آزاد وطن کے غلام بنا دیے جانے والے خود کو بدل ڈالیں۔
نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ کارکن 25 جولائی کو نمازِ فجر کے بعد پختہ ارادے کے ساتھ گھروں سے نکلیں اور اپنے ووٹ کی حرمت کے لئے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں، کارکن شیر کے نشان پر مہر لگا کر ملک کی تقدیر بدل ڈالیں۔
سابق وزیرِاعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے آپ کو ایک سنہری موقع مل رہا ہے، اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آپ نے پاکستان کی تقدیر بدلنی ہے۔