ملک بھر کے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب

Last Updated On 24 July,2018 09:51 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر کے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے گئے، چاروں صوبائی حکومتوں نے رپورٹ الیکشن کمیشن کو بھجوا دی۔

ذرائع کے مطابق، ملک بھر کے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 70 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے، سندھ کے 5 ہزار 878، پنجاب، اسلام آباد کے 5 ہزار 487، خیبرپختونخوا کے 3 ہزار 874 اور بلوچستان کے ایک ہزار 768 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔

پارلیمنٹ کی 272 میں سے 270 نشستوں پر امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا، ملک بھر میں 85 ہزار 252 پولنگ اسٹیشن جبکہ 2 لاکھ 41 ہزار 132 پولنگ بوتھ قائم کئے گے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 افراد حق رائے دہی استعمال کرینگے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 92 لاکھ 24 ہزار 263 اور خواتین ووٹرزکی تعداد 4 کروڑ 67 لاکھ 31 ہزار 146ہے۔

عام انتخابات کیلئے پنجاب کی 141، سندھ کی 61، خیبرپختونخوا کی 39، بلوچستان کی 16، فاٹا کی 11 اور اسلام آباد کی 3 نشستوں پر مقابلہ ہوگا۔ انتخابات میں تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سمیت کل 122 سیاسی و مذہبی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں، قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے 3675 امیدوار میدان میں ہیں۔