الیکشن ڈیوٹی سے غیر حاضری پر پریزائیڈنگ افسر گرفتار

Last Updated On 24 July,2018 08:50 am

کراچی: ( روزنامہ دنیا) الیکشن ڈیوٹی سے غیر حاضری پر پریزائیڈنگ افسر وحید اللہ کو گرفتار کرلیا گیا، بعد ازاں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے پریزائیڈنگ افسر وحید اللہ کا ایک روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔

پیر کو عدالت میں سٹی کورٹ تھانے کی پولیس نے پریزائیڈنگ افسر وحید اللہ کو پیش کیا۔ پولیس کے مطابق سینئر سول جج نمبر 5 اورآر او پی ایس 93 اور 95 کے ریٹرننگ افسر نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈی ایم سی ویسٹ وحید اللہ کو کو رنگی میں پولنگ اسٹیشن کے لیے پریزائیڈنگ افسر مقرر کیا تھا۔

وحید اللہ نے آر او کو بتایا کہ وہ بیماری کی وجہ سے اپنی جگہ دوسرے سرکاری افسرنور عالم کو بھیج دیں گے، نور عالم کو فون کیا تو پتا لگا کہ وہ ریٹائرڈ افسر ہیں۔ آر او نے وحید اللہ کو دوبارہ فون کیا تو اس نے نور عالم کی جگہ زبیر کو پیش کیا، جس پر آر او نے پریزائیڈنگ افسر وحید اللہ اور زبیر کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ ملزم زبیر موقع سے فرار ہو گیا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے استدعا کی کہ زبیر کی گرفتاری کے لیے وحید اللہ کا ریمانڈ دیا جائے، جس پرعدالت نے ریمانڈ منظور کر لیا۔

ادھر پیر کو الیکشن ڈیوٹی سے غیر حاضری پر ریٹرننگ آفیسر نے سیکشن آفیسر محکمہ خزانہ غلام حسین بگھیو کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ ریٹرننگ آفیسر پی ایس 107 کا کہنا تھا کہ غلام حسین بگھیو جان بوجھ کر الیکشن ڈیوٹی پر نہیں آ رہا ہے ، شوکاز نوٹس بھی جاری کیا تھا جس کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ غلام حسین کے پانچ لاکھ روپے مالیت کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ صدر کو حکم دیا گیا ہے کہ متعلقہ آفیسر کو گرفتار کر کے پیش کرے۔