الیکشن ڈیوٹی کیلئے فوجی جوانوں کی تعیناتی مکمل: آئی ایس پی آر

Last Updated On 24 July,2018 07:10 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) الیکشن ڈیوٹی کیلئے فوجی جوانوں کی تعیناتی مکمل کر لی گئی، آئی ایس پی آر کے مطابق، ماحول پرامن رکھنے کیلئے پولیس اور انتظامیہ سے رابطے میں ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی درخواست پر فوج کی تعیناتی کا مقصد محفوظ ماحول میں صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق فوج اپنے فرائض الیکشن کمیشن کے متعین کردہ ضابطہ اخلاق اور مینڈیٹ میں رہتے ہوئے سرانجام دے گی۔

ادھر سکیورٹی خدشات کی وجہ سے پاک افغان بارڈر سیل کر دیا گیا۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ آج سے پاک افغان بارڈر کو ہر قسم کی آمدورفت اور تجارت کے لئے بند کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی سرگرمیاں اور آمدورفت بھی بند ہوگئی۔ پاک افغان بارڈر پر صرف مریضوں اور پاسپورٹ ویزا رکھنے والے پیدل افراد کو سرحد پار آنے جانے کی اجازت دی جا رہی ہے، سکیورٹی فورسز نے سرحد پر گشت بھی بڑھا دیا ہے۔

کابل میں پاکستان کے سفارتخانے نے بھی اعلان کیا ہے کہ 24 اور 25 جوالائی کو بلوچستان میں چمن اور کرم ایجنسی میں خرلاچی سرحدی راستے ملک میں عام انتخابات کی وجہ سے بند ہونگے تاہم طورخم کا راستہ معمول کے مطابق کھلا رہے گا۔ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے چمن شہر سمیت بلوچستان کے کئی اضلاع میں تھری جی اور فورجی انٹرنیٹ سروس بھی بند کر دی گئی ہے جو31 جولائی تک بند رہیگی۔