الیکشن کمیشن نے سینیٹ اجلاس میں تنقید پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارکان سینیٹ کی تنقید غلط معلومات پر مبنی ہے، فوج کی تعیناتی شفاف اور پرامن انتخابات کیلئے کی گئی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ اجلاس میں عام انتخابات کی شفافیت اور کمیشن پر تنقید کے جواب میں تفصیلی موقف جاری کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ فوج کو الیکشن ایکٹ کے تحت تعینات کیا گیا ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار سیکیورٹی اہلکار کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت الیکشن میں ڈیوٹی دیں گے۔ الیکشن کمیشن کے غیر فعال ہونے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو کے قافلے کو روکنے کا معاملہ ہو یا نیب کا، الیکشن کمیشن نے موثر کردار ادا کیا، ملک میں نگران حکومت کام کر رہی ہے، نیب اور پیمرا جیسے ادارے قانونی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں، ان اداروں کی حدود میں مداخلت کرنا قانونی اور اخلاقی طور پر درست نہیں، الزامات کے ذریعے الیکشن کمیشن کے مینڈیٹ میں مداخلت کی کوشش جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔