کراچی: سیاسی گرما گرمی عروج پر، مختلف علاقوں میں تصادم، 8 زخمی

Last Updated On 22 July,2018 09:09 pm

کراچی: (دنیا نیوز) الیکشن سے قبل آخری سنڈے، کراچی میں سیاسی گرما گرمی عروج پر رہی، مختلف علاقوں میں تصادم کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہو گئے۔

الیکشن سے قبل آخری سنڈے سیاسی جماعتوں کے لیے فائٹنگ ڈے بن گیا۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں سیاسی مخالفین کی جھڑپیں، بلدیہ ٹاؤن میں تحریک لیبک پاکستان اور عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنان آمنے سامنے آئے تو نعرہ بازی کے بعد پتھروں کا تبادلہ بھی ہوا۔

دوسرا جھگڑا شاہ فیصل کالونی میں دیکھنے میں آیا جہاں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے کارکنان کا ٹاکرا ہوا، ایک طرف سے پتھروں کی بارش ہوئی تو دوسری جانب سے انتخابی کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔

اورنگی ٹاؤن طوری بنگشن چوکی کے قریب پاکستان تحریکِ انصاف اور پی پی پی کے کارکنوں میں ہاتھا پائی تو نہ ہوئی لیکن تو تو میں میں خوب ہوئی۔
شہر بھر میں ہونے والی سیاسی لڑائیوں میں مجوعی طور پر 8 افراد زخمی ہوئے جبکہ پولیس نے 4 کارکنان کو گرفتار بھی کیا۔

ادھر پشاور کے نواحی علاقے خزانہ میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے مابین ہاتھا پائی اور فائرنگ ہوئی لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پا لیا۔

پشاور کے نواحی علاقے خزانہ میں بینرز اور جھنڈے لگانے کے تنازع میں اے این پی اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے مابین ہاتھا پائی ہوئی، بات آگے بڑھی تو دونوں فریقین کے مابین فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

ایس پی شفیع اللہ گنڈاپور کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے فوری طور پر حالات پر قابو پا لیا اور فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے خزانہ اور گردونواح میں دونوں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی شروع کر دیئے ہیں۔