فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد این اے 103 تاندلیانوالہ سے آزاد امیدوار مرزا محمد احمد نے اپنے بیٹوں کی طرف سے حمایت نہ ملنے پر خود کشی کر لی۔ امیدوار کے مرنے کے بعد حلقے میں الیکشن ملتوی کر دیئے گئے۔
تاندلیانوالہ میں سیاسی جنون نے امیدوار کی جان لے لی، این اے 103 اور پی پی 103 سے آزاد امیدوار مرزا محمد احمد کے بیٹوں نے حمایت سے انکار کر دیا۔ بیٹوں کے انکار اور گھر سے مخالفت ہونے پر امیدوار نے خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی۔
مرزا محمد احمد این اے اور پی پی سے پک اپ کے نشان پر آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے تھے۔ خود کشی سے قبل مرزا محمد احمد نے ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں خود کشی کرنے کی وجہ بتائی۔
آزادامیدوار مرزا احمد کی مبینہ خود کشی کےبعد الیکشن کمیشن نے دونوں حلقوں میں انتخابات ملتوی کر دیئے۔عام انتخابات کے بعد این اے اور پی پی 103 میں ضمنی الیکشن ہوں گے۔
ادھر عام انتخابات 2018 کے لئے تمام بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ہوگئی، ملک بھر کےلئے قومی اور صوبائی اسمبلی کے لئے 21 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے، الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق عدالتوں میں زیر التواء حلقوں کے بھی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے، کراچی کے علاوہ دیگر تمام شہروں کے بیلٹ پیپرز کی ترسیل مکمل ہوگئی، کراچی کے حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی ترسیل آج ہوگی۔