آئندہ 5 سال کس کی حکومت ہوگی ؟ فیصلے میں صرف 4 روز باقی

Last Updated On 21 July,2018 02:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن 2018 کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا، انتخابی میدان سجنے سے قبل سیاسی جماعتوں نے اپنی اپنی جیت کے دعوے کر دیئے۔ پولنگ ڈے میں صرف 4 دن باقی رہ گئے۔

لاہور میں نون لیگ اور پاکستان تحریک انصاف میں کانٹے کے مقابلے متوقع ہیں، این اے 131 میں عمران خان اور خواجہ سعد رفیق میں سخت مقابلہ ہوگا، 2013 کے انتخابات میں سابق وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی کے حامد خان کوشکست دی تھی۔

اسی طرح این اے 125 میں بھی دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا جہاں پاکسان مسلم لیگ ن کی جانب سے مریم نواز کی نااہلی کے بعد وحید عالم خان میدان میں اترے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل ڈاکٹر یاسمین راشد مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئی ہیں۔ لاہور کے دیگر حلقوں میں بھی نون اور جنون میں کانٹے کے مقابلے متوقع ہیں۔

ادھر عام انتخابات 2018 کے لئے تمام بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ہوگئی، ملک بھر کےلئے قومی اور صوبائی اسمبلی کے لئے 21 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے، الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق عدالتوں میں زیر التواء حلقوں کے بھی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے، کراچی کے علاوہ دیگر تمام شہروں کے بیلٹ پیپرز کی ترسیل مکمل ہوگئی، کراچی کے حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی ترسیل آج ہوگی۔