اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کی میڈیا سے گفتگو، الیکشن کے حوالے سے کسی قسم کے کوئی شکوک و شہبات نہیں ہونے چاہیں، الیکشن نہایت شفاف اور قانون کے مطابق ہوں گے۔ پرامن ماحول میں ووٹرز اپنا حق ضرور استعمال کریں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ الیکشن کے حوالے سے کسی قسم کے کوئی شکوک و شہبات نہیں ہونے چاہیں، الیکشن نہایت شفاف اور قانون کے مطابق ہوں گے۔ پرامن ماحول میں ووٹرز اپنا حق ضرور استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کیلئے ضروری سامان ریٹرننگ افسروں تک پہنچا دیا گیا ہے، پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے قانون کے مطابق لگائے جارہے ہیں، 25 جولائی سے پہلے تمام پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔ پوسٹل بیلٹ کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی، ساڑھے 4 لاکھ پولیس، ساڑھے 3 لاکھ فوج کے اہلکار سیکیورٹی فراہم کریں گے۔ تمام اہلکار کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت کام کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آرٹی ایس کے ذریعے رزلٹ کو پی ٹی وی کے ذریعے پوری قوم کیساتھ شیئر کیا جائے گا۔ ہمارے پاس مکمل اختیارات اور تمام ادارے قانون کے مطابق کام کر رہے ہیں، اگر کسی سے لیول پلائنگ فیلڈ چھینی جائے تو فوری ایکشن لیتے ہیں۔ تمام ادارے سپورٹ کر رہے ہیں اور کسی ادارے کا الیکشن کمیشن پر پریشر نہیں ہے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ آج رات تک گوگل میپ پر پولنگ اسکیم بھی جاری کر دیں گے، پولنگ شروع اور ختم کرانا پرائزیڈنگ افسران کی ذمہ داری ہوگی، تمام ڈی آر اوز ڈسٹرکٹ سیشن ججز ہیں۔
بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ ہر پارٹی کمپین کر رہی ہے، جہاں الیکشن قوانین پرعمل نہیں کیا جاتا ایکشن لیا جاتا ہے، چاروں صوبائی حکومتوں سے رابطے میں ہیں، ہم نے کسی کی کمپین کو نہیں روکا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ یوسف رضا گیلانی کی گاڑی پر فائرنگ کا فوری نوٹس لیا تھا، میں نے خود یوسف رضا گیلانی سے رابطہ کیا تھا، بلاول بھٹوکے قافلے کو روکنے جانے پر بھی ہم نے فوری ایکشن لیا تھا، ہماری مداخلت کے بعد ہی بلاول کے قافلے کو جانے دیا گیا تھا۔