لاہور: (دنیا نیوز) عمران خان نے کہا ہے کہ آزاد امیدوار پارٹی اور ملک دونوں کا نقصان کر رہے ہیں، وہ تحریکِ اںصاف کے امیدواروں کے حق میں دستبردار ہو جائیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے آج سارا دن مختلف شہروں میں اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسوں سے خطاب کیا۔ شاہدرہ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے آزاد امیدواروں کو تحریکِ انصاف کے حق میں دستبردار ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ الیکشن نہیں جیتیں گے لیکن ہماری پارٹی اور ملک دونوں کا نقصان کر رہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکمران 30 سال سے قوم کا خون چوس رہے ہیں، تباہی سے بچنے کا موقع بار بار نہیں ملتا، کبھی اس کو ووٹ نہ دو جس کا پیسہ، کاروبار اور اولاد اس ملک میں نہیں، عوام 25 جولائی کو تبدیلی کیلئے تیار رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے اداروں کو مضبوط نہیں کیا، حکمرانوں نے نظام بدلنے کے بجائے ہاتھ پھیلائے، ملک چلانے کے لئے ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں، کشکول توڑنے کی باتیں کرنیوالے قرض پر قرض لیتے رہے۔
جہلم میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قرضے حکمران لیتے ہیں اور قیمت عوام ادا کرتے ہیں۔ 10 سال میں پاکستان کا قرضہ 27 ہزار ارب روپے ہو گیا۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی کرپشن سے ملک مقروض ہو گیا۔ قرضوں کا بوجھ عوام پر مہنگائی کے ذریعے ڈالا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن نے ملک کو کنگال کر دیا، ہم ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور آمدن بڑھائیں گے اور سرمایہ داروں کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے، ٹیکس کو کم کریں گے اور عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے۔ عمران خان نے دعویٰ کیا کہ میں اقتدار میں آ کر کرپشن کو ختم کر کے دکھاؤں گا۔
اس سے قبل گلیات میں عمران نے خیبر پختونخوا کے نگران وزیرِاعلیٰ پر جانبداری کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ دوست محمد وہ کام کریں جو ان کو سونپا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں خیبر پختونخوا کے نگران وزیرِاعلیٰ کو بڑے افسوس سے کہتا ہوں کہ آپ مولانا فضل الرحمان اور اکرم درانی سے ملے ہوئے ہیں لیکن امید کرتا ہوں کہ وہ اپنے رول کو بہتر کریں گے، تاہم اگر ان کا یہی کردار رہا تو ہم اپنی آواز بلند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دوست محمد صرف وہ کام کریں جو ان کو سونپا گیا ہے۔
عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو خوبصورتی یہاں ہے، کسی ملک میں نہیں دیکھی، گلیات اور کاغان جیسی خوبصورتی سوئٹزرلینڈ میں بھی نہیں ہے۔ اگر کوئی کہے کہ یہاں انڈسٹری لگا دوں گا تو یہ سب جھوٹ ہے، ہمیں یہاں سیاحت کو فروغ دینا ہوگا، انہوں نے اعلان کیا کہ ہر سال 4 تفریحی مقامات بنائیں گے، اس سے گلیات کے لوگوں کو باہر جا کر نوکری تلاش نہیں کرنا پڑے گی۔