سندھ میں کٹھ پتلی اتحاد کا کوئی منشور نہیں، بلاول بھٹو

Last Updated On 04 July,2018 07:35 pm

سکرنڈ: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو کا سکرنڈ میں انتخابی مہم سے خطاب، مسلم لیگ ن کو انتخابی بائیکاٹ سے باز رہنے کا مشورہ، وہ لوگ بھی باتیں کررہے ہیں جن کا کوئی نظریہ نہیں، کوئی منشور نہیں ہے۔

سندھ میں پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم زور و شور سے جاری، سکرنڈ میں انتخابی مہم کے دوران کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگرآج ملک میں جمہوریت ہے تو سکرنڈ والوں کا خون شامل ہے، سکرنڈ والوں سے صرف سیاسی نہیں خون کا رشتہ ہے۔ یہاں کے لوگوں نے ضیا اور مشرف کی آمریت کا مقابلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی اتحاد والے کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی نے کچھ نہیں کیا، باتیں وہ کررہے ہیں جن کا کوئی منشور ہی نہیں۔ نواب شاہ میں 4 یونیورسٹیاں ہمارے دورمیں بنیں، بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام اور کسانوں کوحقوق ہم نے دیے۔ کٹھ پتلی اتحاد والوں آپ نے کچھ نہیں کیا اورہمیں باتیں کرتے ہو۔ طالبان خان اور "مجھے کیوں نکالا" والوں کے پاس کوئی منشور نہیں ہے۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ مانتا ہوں ابھی بہت زیادہ کام کرنا ہے، ہمارا عوام سے محبت کا رشتہ ہے بھوک مٹاؤ پروگرام کے ذریعے فوڈ کارڈ جاری کریں گے۔ یونین کونسل کی سطح پرفوڈ سٹورکھولیں گے۔ فوڈ کارڈ کے ذریعے بے روزگاری اور غذائی قلت کا مقابلہ کریں گے۔ غریب خواتین کو بلاسود قرض فراہم کریں گے۔ منشورمیں کیے جانے والے وعدوں کو پورا کروں گا۔

بلاول بھٹو نے کارکنان سے کہا کہ پیپلزپارٹی کوبھاری اکثریت سے جتوانا ہے، آپ نے تیر پر ٹھپا لگانا ہے۔