نیب کا بڑا فیصلہ، الیکشن سے قبل کسی امیدوار کو گرفتار نہیں کیا جائے گا

Last Updated On 04 July,2018 11:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ نیب کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان کے عوام ہیں، قومی ادارہ کسی سے انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیرِ صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں خواجہ آصف، رانا افضل اور رانا مشہود کیخلاف مقدمات الیکشن تک مؤخر اور الیکشن میں حصہ لینے والے کسی بھی سیاستدان کو 25 جولائی سے پہلے گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب میں چیئرمین نیب نے واضح کیا کہ کرپشن فری پاکستان کیلئے بلا تفریق کوششیں کر رہے ہیں، نیب کسی سے انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا، اس اقدام کا سیاست یا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں ہے، نیب کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان کے عوام ہیں۔

نیب اجلاس میں بلین ٹری سونامی پراجیکٹ میں خیبر پختونخوا کے افسران کے خلاف انکوائری کی منظوری بھی دی گئی، بتایا گیا کہ بلین ٹری پراجیکٹ سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر 19 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔

اجلاس میں سندھ سوشل ریلیف فنڈ کے افسران اور اہلکاروں کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی جبکہ سٹیٹ بینک سٹاف کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ اور محکمہ مال کراچی کے افسران کیخلاف تحقیقات کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور دیگر کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔

نیب نے پنجاب سپورٹس بورڈ اور یوتھ فیسٹیول کی انتظامیہ اور دیگر کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی ہے اور سردار بیگم ڈینٹل کالج پشاور کی انتظامیہ کیخلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انکوائری بند کرنے جبکہ سیکرٹری ہیلتھ حکومت سندھ اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دیدی ہے۔