تحریکِ انصاف کے سینئر رہنما غلام سرور خان نے دعویٰ کیا ہے کہ چودھری نثار نے تین بار پارٹی میں شمولیت کی کوشش لیکن ان کی مخالفت پر روک دی گئی۔
چودھری نثار کے مدِمقابل امیدوار غلام سرور خان کے سابق وزیر داخلہ پر تابڑ توڑ حملے، جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی اور آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کا الزام، تین بار تحریکِ انصاف میں شامل ہونے کی کوشش کا دعویٰ بھی کر دیا۔
غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ چودھری نثار کے اثاثے ان کے آمدنی سے مطابقت نہیں رکھتے، انہوں نے چودھری نثار پر جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کا الزام بھی عائد کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تھانہ چودھری نثار کی سیاست اور پٹوار خانہ ان کی معیشت ہے، راولپنڈی کے پٹواری سابق وزیر داخلہ کی مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چودھری نثار غیر معمولی پروٹوکول کے ذریعے الیکشن مہم پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن نوٹس لے۔