این اے 53: عمران خان کے مدمقابل خواجہ سرا امیدوار کی انتخابی مہم شروع

Last Updated On 04 July,2018 06:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت کے حلقے این اے 53 سے خواجہ سرا ندیم کشش پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور سابق وزیِاعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف الیکشن لڑ رہے ہیں۔

پاکستان میں ان دنوں الیکشن مہم زوروں پر ہے تو ایسے میں خواجہ سرا بھی میدان میں آ گئے ہیں۔ اسلام آباد کے حلقے این اے 53 سے عمران خان اور شاہد خاقان عباسی کے مدمقابل ایک خواجہ سرا بھی میدان میں اتری ہیں اور انہوں نے اپنی انتخابی مہم کا بھی آغاز کر دیا ہے۔ انھیں الیکشن لڑنے کیلئے انتخابی نشان ریڈیو دیا گیا ہے۔

بی ایس ای کے بعد عوامی خدمت کا جذبہ لیے ڈور تو ڈور مہم چلاتی اور ہر ایک شخص سے ووٹ مانگتی ندیم کشش کا کہنا ہے کہ نیت صاف تو ناکامی کا ڈر کیسا؟ ایسے میں دیگر خواجہ سرا بھی خوش ہیں کہ کوئی تو ہے جس نے ان کے حقوق کے لیے سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا۔

وسائل محدود ہیں تو ندیم کشش نے انتخابی مہم کے لیے بھی انتخابی نشان ریڈیو کا ہی سہارا لیا ہے۔ بھرپور الیکشن مہم کیساتھ کامیابی کے لیے ندیم کشش اللہ تعالیٰ کے حضور ہاتھ اٹھا کر دعا مانگتی اور پھر آگے چل پڑتی ہے۔