پشاور: (دنیا نیوز) قومی وطن پارٹی نے اپنے پندرہ نکاتی انتخابی منشور کا اعلان کر دیا۔ سابق صوبائی وزیر اور پارٹی کی سیکرٹری جنرل انیسہ طاہر خیلی نے منشور پریس کانفرنس میں پیش کیا۔
انیسہ طاہر خیلی نے منشور کے اہم نکات بتاتے ہوئے کہا کہ انتخابی منشور میں تعلیم ، صحت اور روزگار کی فراہمی ترجیح ہے۔ لڑکیوں ، خصوصی افراد اور خواجہ سراؤں کی تعلیم پر توجہ دی جائے گی، افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کئے جائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ہر یونین کونسل کی سطح پر طبی سنٹر اور ہر ڈویژن میں برن سنٹر قائم کئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے لئے ہر یونین کونسل کی سطح پر کھیل کے میدان تعمیر کئے جائیں گے۔ محنت کشوں کی کم از کم تنخواہ 20 ہزار روپے مقرر کی جائے گی۔ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے لئے 20 لاکھ روپے تک آسان اقساط پر قرضے دئیے جائیں گے اور خیبرپختونخوا کے لئے اپنا ٹی وی چینل تعمیر کیا جائے گا۔