ہم الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے، مریم اورنگزیب

Last Updated On 01 July,2018 07:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الیکشن کا بائیکاٹ وہ کرتے ہیں جن کی کوئی کارکردگی نہ ہو، جتنے بھی عالمی سروے ہوئے (ن) لیگ مقبول ترین پارٹی ہے۔ ہمارا مقابلہ ان لوگوں کیساتھ ہے جو پاکستان کو آگے بڑھتا نہیں دیکھنا چاہتے۔

 

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے بتایا کہ مریم نواز کی واپسی والدہ کی صحت کیساتھ مشروط ہے، ان کی غیر موجودگی میں حمزہ شہباز اور لیگی کارکن ان کی انتخابی مہم چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جتنے بھی عالمی سروے ہوئے (ن) لیگ مقبول ترین پارٹی ہے، ہم الیکشن کا بائیکاٹ کیوں کریں گے؟ بائیکاٹ وہ کرتے ہیں جن کی کوئی کارکردگی نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ پچیس جولائی کوعوام کا طوفان باہرنکلے گا اور وفاداریاں بدلنے والوں کو مسترد کریں گے۔ ووٹ صرف کارکردگی کی بنیاد پر ملے گا۔ ہمارا مقابلہ جھوٹ اور کنٹینر کی سیاست کرنے والوں کیساتھ ہے، جو اپنے دور حکومت میں ایک بھی سکول یا ہسپتال تعمیر نہ کر سکے۔ عمران خان کی کارکردگی دیکھنا ہے تو پشاور میں میٹرو کے کھدے ہوئے گڑھے دیکھیں۔