کراچی: لیاری میں بلاول بھٹو کی ریلی پر پتھراؤ، 6 افراد زخمی

Last Updated On 02 July,2018 10:16 am

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو انتخابی مہم کا افتتاح مہنگا پڑگیا۔ اپنے ہی گڑھ لیاری میں پتھراؤ کا سامنا کرنا پڑا جس سے چھ افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس صورتحال کنٹرول کرنے میں ناکام رہی۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے بلاول بھٹو کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جو لیاری کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے معین آباد پہنچی تو پہلے انوکھے احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔

لیاری کے مکین پانی کی قلت کے خلاف خالی مٹکے لے کر چھتوں پر چڑھ گئے، پھر پتھراؤ شروع کر دیا۔ لیاری کے شرکاء نے بھی پتھر کا جواب پتھر سے دیا۔

دو طرفہ پتھراؤ کے نتیجے میں علاقہ میدان جنگ بن گیا جس کی زد میں آ کر چھ افراد زخمی ہو گئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ریلی کو آگے بڑھنے نہیں دیں گے جبکہ پولیس صورتحال کو کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام نظر آئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے صورتحال کے پیش نظر ریلی کا روٹ تبدیل کر دیا۔

لیاری میں اپنے خطاب کے دوران بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عوام سے دلوں کا رشتہ ہے، وفاداری نبھائیں گے، ہر قیمت پر پانی بھی لائیں گے۔ پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کا علم ہے، جگہ جگہ جائیں گے، اپنا منشور بتائیں گے، چاہے سمندر سے ہی لانا پڑے، علاقے میں پانی ضرور لائیں گے۔ اس سے پہلے بلاول بھٹو لیاری پہنچے تو کارکنوں نے بھرپور استقبال کیا۔