پرنٹنگ کارپوریشن ہیڈ کوارٹرز کی سیکیورٹی پاک فوج کے حوالے

Last Updated On 27 June,2018 05:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیلئے پرنٹنگ کارپوریشن ہیڈ کوارٹرز کی سیکیورٹی پاک فوج کے حوالے کرتے ہوئے عمارت میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے اور موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق الیکشن 2018ء کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا معاملے میں پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان ہیڈ کوارٹرز کی سیکیورٹی پاک فوج کے حوالے کر دی گئی ہے۔ 30 جون کو فہرستیں فراہم ہونے کے بعد چھپائی کا کام شروع ہو گا۔

پی سی پی ہیڈ کوارٹرز میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے اور ملازمین کو موبائل فون لے جانے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ بیلٹ پیپرز کی چھپائی تک تمام پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب الیکشن 2018ء کے لئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کہاں کہاں ہو گی؟ الیکشن کمیشن نے پرنٹنگ پریس حکام سے مل کر حکمتِ عملی طے کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن اور تینوں پرنٹنگ پریس سربراہان کے اجلاس میں طے کیا گیا کہ خیبر پختونخوا، فاٹا اور اسلام آباد کیلئے تین کروڑ بیلٹ پیپرز پرنٹنگ کارپوریشن چھاپے گی۔ بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے لئے دس کروڑ سے زائد بیلٹ پیپرز نیشنل سیکورٹی پرنٹنگ پریس جبکہ باقی ماندہ پنجاب کیلئے 7 کروڑ سے زائد بیلٹ پیپرز کی چھپائی پوسٹل پرنٹنگ پریس کے ذمہ ہو گی۔