این اے 53: عمران خان کی مبینہ بیٹی کے معاملے پر فیصلہ محفوظ

Last Updated On 26 June,2018 09:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کے اپیلٹ ٹربیونل نے نامکمل کاغذاتِ نامزدگی پر عمران خان کو کل طلب کر لیا۔ چیئرمین تحریکِ انصاف کے خلاف ٹیکس چوری کی نئی شکایت پر ایف بی آر کو بھی نوٹس جاری کر دیا گیا۔ جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کی درخواست پر بھی فیصلہ کل ہو گا۔

این اے 53 اسلام آباد سے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف عمران خان کی اپیل پر ٹربیونل نے انھیں بدھ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا، مبینہ بیٹی کے معاملے پر فیصلہ محفوظ، کپتان کے خلاف اثاثے چھپانے اور ٹیکس چوری کا الزام، نئی درخواست پر ایف بی آر سے جواب مانگ لیا گیا۔

عمران خان نے کاغذاتِ نامزدگی میں حلقے کے لیے خدمات سے متعلق کالم ”این“ خالی چھوڑ دیا تھا جس پر ریٹرننگ افسر نے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کر دئیے۔

اپیل کی سماعت کرتے جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے کہ شاہد خاقان عباسی کی طرح عمران خان بھی خود پیش ہو کر خالی کالم پُر کریں۔

اپلیٹ ٹربیونل میں عمران خان کے خلاف جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار کی جانب سے اعتراض کا فیصلہ بھی بدھ کو ہی سنائے گا۔ دوسری جانب ذرائع تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ طلبی کے باوجود عمران خان کل پیش نہیں ہوں گے، ان کی جگہ وکیل بابر اعوان اتھارٹی لیٹر کیساتھ ٹربیونل آئیں گے۔