انتخابات کے پُرامن انعقاد کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا: حسن عسکری

Last Updated On 13 June,2018 09:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ شفاف اور منصفانہ انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی ہدایات پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔

نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ نگران حکومت کا فرض انتخابات کے شفاف، منصفانہ اور آزادانہ انعقاد کو یقینی بنانا ہے۔ انتخابات میں ووٹرز کو حق رائے دہی کیلئے پُرامن فضا اور ماحول فراہم کرینگے۔

نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب حسن عسکری کا کہنا تھا کہ الیکشن سے جمہوریت مضبوط ہوتی ہے، ہماری کارکردگی سے سیاسی جماعتوں کا ہم پر اعتماد بحال ہو گا۔ حکومت کی طرف سے انتخابات کے پُرامن انعقاد کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام پارٹیوں کیلئے یکساں مواقع اور سب کو سہولتیں فراہم کرینگے۔ غیر جانبدار حیثیت میں قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کر رہے ہیں۔ محدود وقت میں عوام کی بہتری کیلئے بھی کچھ کرنے کا موقع ملا تو کرینگے۔