نواز شریف کیخلاف سکرپٹ ناکام ہوگیا، عید والدہ کیساتھ مناؤں گی: مریم نواز

Last Updated On 13 June,2018 04:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری ہے، ڈاکٹر یاسمین راشد اور مریم نواز ریٹرنگ آفیسر کے سامنے پیش ہوئیں۔ مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف اسکرپٹ ناکام ہوگیا، عید والدہ کے ساتھ مناؤں گی۔

 سیشن کورٹ، ایوان عدل اور الیکشن کمیشن میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔ مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز پی پی 173 سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے ایوان عدل پہنچیں جہاں کارکنوں کی جانب سے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

مریم نواز این اے 127 کے ریٹرننگ افسر کے روبرو بھی پیش ہوئیں۔ مریم نواز کے کاغذات نامزدگی پر کوئی اعتراض داخل نہیں کیا گیا اور ان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔ مریم نواز این اے 125 سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے سیشن کورٹ میں ریٹرننگ افسر کے روبرو پیش ہوئیں۔ ریٹرننگ افسر نے سوال کیا کہ پانی کو محفوظ اور دہشتگردی کو کنٹرول کرنے کے لیے کیا کریں گے، جس کے جواب میں مریم نواز نے کہا ڈیم بنائیں گے، 5 سال سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے کوشش کر رہے ہیں، سیکیورٹی کو بہتر کیا۔ این اے 125 سے ڈاکٹر یاسمین راشد سکروٹنی کیلئے سیشن کورٹ پیش ہوئیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف کے کاغذات کی سکروٹنی کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ حمزہ شہباز شریف خود پیش نہیں ہوئے، ان کے وکیل نے کاغذات کی جانچ پڑتال کروائی۔ حمزہ شہباز شریف کے کاغذات پر کسی کی طرف سے بھی کوئی اعتراض نہیں لگایا گیا۔