پرویز خٹک ،غلام بلور، محمود الرشید سوئی ناردرن گیس کے نادہندہ نکلے

Last Updated On 13 June,2018 05:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئندہ عام انتخابات کیلئے امیدواروں میں سے 268 سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کے بھی نادہندہ نکلے ہیں، پرویز خٹک 10 کروڑ 65 لاکھ، حاجی غلام احمد بلور 14 کروڑ 46 لاکھ اور امجد خان آفریدی 21 کروڑ 62 لاکھ روپے کے نادہندہ ہیں۔

 سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کی جانب سے آئندہ عام انتخابات کے امیدواروں میں 268 نادہندہ افراد کی فہرست الیکشن کمیشن کو بھجوا دی ہے جس کے مطابق پی ٹی آئی کے پرویز خٹک 10 کروڑ 65 لاکھ روپے کے نادہندہ ہیں، اے این پی کے حاجی غلام احمد بلور 14 کروڑ 46 لاکھ، این اے 18 سے امیدوار حاجی دلدار خان 17 کروڑ روپے، الیاس بلور 55 ہزار روپے، پی ٹی آئی کے میاں محمودالرشید 28 ہزار روپے کے ڈیفالٹر ہیں۔

پی کے 80 سے امیدوار امجد خان آفریدی نے ایس این جی پی ایل کے 21 کروڑ 62 لاکھ روپے ادا نہیں کیے، ن لیگ کی تہمینہ دولتانہ 10 لاکھ 57 ہزار روپے کی نادہندہ جبکہ حامد سعید کاظمی کے ذمے 31ہزار 500 روپے واجب الادا ہیں۔ راجا راشد حفیظ 74 لاکھ روپے، پی ٹی آئی کے سمیع حسن گیلانی 69 لاکھ 46 ہزار روپے، این اے 175 سے غلام رسول کوریجہ 42 ہزار روپے کے نادہندہ ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق آئین کے تحت یوٹیلیٹی بلز کا 10 ہزار روپے سے زائد کا نادہندہ الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتا۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے اپنی شوگر ملز کا 50 کروڑ روپے سے زائد کا قرض معاف کروایا۔ نوازش علی ایک کروڑ روپے، مختار احمد خان 30 کرور70 لاکھ روپے کے ڈیفالٹر نکلے۔ غلام دستگیر لک نے7 کروڑ 40 لاکھ روپے کے قرضے معاف کرائے۔