'شفاف انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی مدد کریں گے'

Last Updated On 13 June,2018 12:08 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزراء کی نیوز کانفرنس، اکیس سے بائیس ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، ٹرانسمیشن لائنز کے مسائل لوڈشیڈنگ کا سبب ہیں، شفاف انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی مدد کریں گے۔

اسلام آباد میں وزیر خزانہ شمشاد اختر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی ظفر کا کہنا تھا کہ شفاف اور آزادانہ الیکشن کا انعقاد ہماری ذمہ داری اور منتخب حکومت کو اقتدار کی منتقلی مینڈیٹ ہے۔ وفاقی وزیر برائے توانائی علی ظفر نے بتایا کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ کی 4 بڑی وجوہات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لوڈ شیڈنگ کی پہلی وجہ بجلی کی پیداوار طلب سے کم ہونا ہے، لوڈ شیڈنگ کی دوسری وجہ فنی خرابی ہے، لوڈ شیڈنگ کی تیسری وجہ پانی قلت اور چوتھی وجہ ٹرانسمیشن کی خرابی اور نقصانات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 28 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کئی صلاحیت ہے، تمام پاور ہاؤسز چل رہے ہوں اور ڈیمز میں پانی موجود ہو تو 28 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ اس وقت زیادہ سے زیادہ 21 سے 22 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے اور جون میں بجلی کی طلب 23 سے 24 ہزار میگا واٹ ہے، دو ہزار میگا واٹ کے فرق سے اتنی زیادہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔

نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک کی اقتصادی صورتحال آپ کے سامنے ہے لیکن آئی ایم ایف کے پاس جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نگران حکومت مذاکرات کر سکتی ہے نہ کوئی معاہدہ کر سکتی ہے۔