نواز لیگ نے خواتین کی مخصوص نشستوں پر اپنوں کو نواز دیا

Last Updated On 13 June,2018 12:07 am

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن میں مخصوص نشستوں کے لیے چوائس بھی مخصوص، تعلق داری اور اقربا پروری میرٹ پر بھاری پڑ گئی۔

میرٹ کا راگ الاپنے والی سابق حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے نوازشات کی بارش کردی۔ بیگمات، بھانجیاں، بھتیجیاں، دوست، کزنز، گھر میں کام کرنے والی، سیکریٹریز، سوشل میڈیا پر فوٹیج اپ لوڈ کرنے والی خواتین تک کو پارٹی امیدوار نامزد کر دیا۔ رشتے داریاں اور دوستیاں کام کر گئیں۔

طاہرہ اورنگزیب اور بیٹی مریم اورنگزیب، بیگم عشرت اشرف اور بیٹی زیب جعفر جبکہ چودھری جعفراقبال کی بھتیجی مائزہ حمید کو ٹکٹ سے نوازا گیا۔ سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کی اہلیہ اور بھانجی شیزا فاطمہ خواجہ کو بھی قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر پارٹی امیدوار بنا دیا گیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر پرویز ملک کی اہلیہ شائستہ پرویز کو بھی ٹکٹ دیا گیا۔

خواتین کیلئے پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر بھی نوازشات کا سلسلہ نہ رک سکا، ق لیگ سے آنے والی خواتین کو پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پارٹی امیدوار بنا دیا گیا۔ مہوش سلطانہ، کنول لیاقت کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا گیا۔ مریم نواز کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والی ثانیہ عاشق بھی لسٹ میں شامل ہیں۔ میاں حمزہ شہباز کے سیکریٹری احمد بٹ کی اہلیہ رابعہ بٹ، بیگم عشرت اشرف پنجاب میں مخصوص نشستوں سے امیدوار ہوں گی۔

خواجہ احمد حسان نے رابعہ فاروقی، خواجہ سعد رفیق نے لبنیٰ فیصل اور خواجہ عمران نذیر نے سعدیہ تیمور کو لسٹ میں شامل کرایا۔ بیگم کلثوم نواز کے ساتھ کام کرنے والی راحیلہ بی بی کی سگی بہن سعدیہ ندیم ملک اور سابق وفاقی وزیر رانا افضل کی اہلیہ نجمہ افضل بھی لسٹ میں شامل ہیں۔

دوسری جانب پارٹی کی دیرینہ کارکنوں نے ٹکٹوں کی غیرمنصفانہ تقسیم کے خلاف ماڈل ٹاؤن میں احتجاج بھی کیا گیا۔