عام انتخابات: کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری

Last Updated On 05 June,2018 05:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عام انتخابات 2018ء کے لئے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی لینے اور جمع کرانے کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے۔

 

عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید، نواز لیگ کے رانا ثنا اللہ، عابد شیر علی اور تحریکِ انصاف کے رہنما راجہ ریاض نے کاغذات حاصل کر لئے۔ کاغذاتِ نامزدگی 8 جون تک حاصل اور جمع کرائے جا سکیں گے۔

نواز لیگ کے عابد شیر علی نے فیصل آباد کے حلقہ این اے 109 سے جبکہ رانا ثنا اللہ نے این اے 106 پی پی 112 اور پی پی 113 سے نامزدگی فارم حاصل کئے۔ تحریکِ انصاف کے رہنما راجہ ریاض فیصل آبادکے حلقہ این اے 110 سے میدان میں اتریں گے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اپنے حامیوں کے ہمراہ جوڈیشل کمپلیکس پہنچے اور حلقہ این اے 60 اور 62 کے لیے اپنے کاغذات جمع کرائے۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 9 تاریخ کو عمرہ کے لیے جا رہا ہوں۔ الیکشن میں تاریخی کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔

تحریکِ انصاف کے میاں اسلم اقبال نے حلقہ این اے 126 جبکہ تحریک لبیکِ کے ڈاکٹر آصف اشرف جلالی نے این اے 128 کے کاغذات نامزدگی حاصل کئے۔ نواز لیگ کے سینیٹر مشاہد اللہ خان کے بیٹے افنان اللہ خان نے این اے 247 کے لئے فارم حاصل کیا۔

ایم کیو ایم کے سابق ضلعی نائب ناظم ظفر راجپوت نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے این اے 227 کے لیے فارم لیا۔ پیپلز پارٹی کے عرفان گل مگسی نے پی ایس 67 کے لیے فارم حاصل کر لیا۔

کاغذات نامزدگی 8 جون تک حاصل اور جمع کرائے جا سکیں گے۔ قومی اسمبلی کے امیدواروں کے لئے سیکیورٹی فیس 30 ہزار جبکہ صوبائی اسمبلی کے لئے 20 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ ایک چوتھائی سے کم ووٹ حاصل کرنے کی صورت میں فیس ضبط کر لی جائے گی۔