بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کی وزارت تجارت کے معاون وزیر تھانگ ون ہونگ نے کہا ہے کہ چین متعدد اقدامات کے ذریعے دنیا کے غریب ترین ممالک کے لئے یک طرفہ بنیادوں پر کھلا پن اپنائے گا۔
چینی میڈیا کے مطابق تھانگ ون ہونگ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یکم دسمبر 2024ء سے چین کی وزارت تجارت چین کے دوسرے متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر دنیا کے غریب ترین ممالک کے لئے ایسی ترجیحی پالیسی اپنائے گا جس کے مطابق چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والے غریب ترین ممالک میں پیدا ہونے والی 100 فیصد مصنوعات پر صفر ٹیرف عائد ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ چین کی جانب سے افریقی مصنوعات کی برآمدات کے گرین چینل کے فعال کردار کو بروے کار لانے اور تکنیکی تربیت فراہم کرنے سمیت دیگر طریقوں سے سرحد پار ای کامرس انٹرپرائزز کی ترقی کی حمایت کی جائے گی۔
تھانگ ون ہونگ کا مزید کہنا تھا کہ چین غریب ترین ممالک کی اعلیٰ معیار کی مصنوعات کی نہ صرف چینی مارکیٹ بلکہ عالمی مارکیٹ تک رسائی کے لئے امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ نمائشوں کے انعقاد کے ذریعے پل کا کردار بھی ادا کرے گا۔