بائیڈن کو لبنان میں جنگ بندی کی شرائط سے آگاہ کر دیا : اسرائیل

Published On 21 October,2024 12:18 pm

تل ابیب : (ویب ڈیسک ) اسرائیل نے کہا ہے کہ لبنان میں جنگ بندی کیلئے امریکی صدر جو بائیڈن کو آگاہ کردیا۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنان کے مختلف علاقوں پر شدید اسرائیلی بمباری کے دوران امریکی خصوصی مندوب آموس ہوچسٹین بیروت پہنچ گئے جہاں وہ مقامی حکام کے ساتھ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ذرائع عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکومت نے لبنان میں جنگ کے خاتمے کے سفارتی حل کے لیے اپنی شرائط پر مبنی ایک دستاویز گزشتہ ہفتے امریکہ کو پہنچائی تھیں۔

نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کے مطابق اسرائیلی شرائط میں ایک بات یہ بھی شامل ہے کہ اسرائیلی فضائیہ لبنانی فضائی حدود کو بلا روک ٹوک استعمال کرسکے گی۔

اس کے علاوہ اسرائیل نے مطالبہ کیا کہ اس کی فوج کو جنوبی لبنان میں داخلے کی اجازت ہو یا اس علاقے میں حزب اللہ اپنی فوجی تنصیبات قائم نہ کرے۔

رپورٹ کے مطابق ایک امریکی اہلکار نے انکشاف کیا کہ واشنگٹن لبنانی فوج کو جنوب میں تعینات کرنے پر زور دے رہا ہے، وہ اسرائیل کے ساتھ سرحدی علاقوں میں 8000 فوجی تعینات کرنا چاہتا ہے، تاہم امریکی عہدیدار نے لبنانی فریق کی جانب سے ان شرائط کی منظوری کو مسترد کر دیا۔

 

یہ بھی پڑھیں:بیروت اور اطراف میں اسرائیلی حملوں میں کمی چاہتے ہیں : امریکی وزیردفاع

واضح رہے کہ گزشتہ ستمبر سے اسرائیل نے لبنان کے کئی علاقوں پر بمباری میں اضافہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہا ہے لیکن بمباری بیروت کے جنوبی علاقے الضاحیہ، جنوبی لبنان، بقاع، کوہ لبنان کے دیگر علاقوں اور شمال کے ساتھ ساتھ دارالحکومت بیروت میں بھی بمباری جاری ہے۔

اس اکتوبر کے اوائل میں اسرائیلی افواج نے اسرائیل اور لبنان کی سرحد پر ایک "محدود زمینی آپریشن" شروع کیا جس میں اسرائیلی فوج لبنان کے اندر گھس گئی ہے۔

اسرائیل حزب اللہ کو دریائے لیطانی کی دوسری جانب شمال کی طرف دھکیلنا چاہتا ہے، تاکہ سرحد پر عسکریت پسندوں سے پاک ایک قسم کا بفر زون بنایا جا سکے، اس کے نتیجے میں شمالی اسرائیل میں جنگ کے دوران بے گھر ہونے والے آباد کاروں کی واپسی ممکن بنائی جا سکے گی۔

دوسری جانب حزب اللہ نے پہلے اعلان کیا تھا کہ اس نے نبیہ بری کو اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کی خاطر کوششیں جاری رکھنے کا اختیار دیا ہے جبکہ ایوان کے سپیکر نے اس بات کی تصدیق کی کہ حزب اللہ نے قرارداد 1701 کو نافذ کرنے پر اتفاق کیا ہے، یہ قرارداد 2006ء میں حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کی بنیاد بنی تھی۔