شیلانگ : (ویب ڈیسک) بھارت کی شمال مشرقی ریاست میگھالیہ میں گزشتہ چار روز کے دوران شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کم از کم 15 افراد جان کی بازی ہار گئے جن میں ایک ہی خاندان کے سات افراد شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کے محکمہ موسمیات نے اس ہفتے ریاست کے کچھ حصوں میں 64.5 ملی میٹر (3 انچ) اور 115.5 ملی میٹر (5 انچ) کے درمیان تیز بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سٹیٹ ریونیو اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے کمشنر اور سیکرٹری سنجے گوئل نے خبررساں ادارے کو بتایا کہ صورتحال اب بہتر ہے کیونکہ موسم صاف ہو گیا ہے اور تمام لاشیں نکال لی گئی ہیں، تقریباً 165 دیہات سے 17 ہزار افراد کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک بنگلہ دیش جس کی سرحد میگھالیہ سے ملتی ہے اس کے شمالی حصوں میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد اتوار کو6 تک پہنچ گئی تاہم رات کے دوران بارش نہ ہونے کے باعث صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔