مشرق وسطیٰ میں تنازع کا پھیلاؤ روکنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں: امریکی صدر

Published On 24 September,2024 02:47 am

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں تنازع کا پھیلاؤ روکنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم وسیع تر جنگ سے بچنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے، ہم ابھی تک اس سمت میں زور دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ جو بائیڈن کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تقریباً 12 ماہ سے اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے تناظر میں علاقائی کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

دوسری جانب لبنانی تنظیم حزب اللہ نے تازہ ترین کارروائی میں حیفا شہر کے شمال میں اسرائیلی کمپنی کے فوجی صنعتی کمپلیکس کو درجنوں راکٹوں سے نشانہ بنایا، یہ رواں ہفتے تنظیم کے ارکان کے پاس موجود ہزاروں مواصلاتی آلات (پیجر اور واکی ٹاکی) کو دھماکے سے اڑانے کی کارروائی کے بعد پہلا جوابی حملہ ہے۔