ایران کی متعلقہ فریقین کو جوہری معاملات پر مذاکرات کی پیشکش

Published On 24 September,2024 02:38 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) ایران نے متعلقہ فریقین کو جوہری معاملات پر مذاکرات کی پیشکش کر دی۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اگر تمام فریقین چاہیں تو ان کا ملک جوہری مذاکرات شروع کرنے کے لئے تیار ہے، انہوں نے یہ بات نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر کہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی وطن واپسی کے بعد مزید کچھ دن نیویارک میں رہیں گے جہاں وہ متعدد وزرائے خارجہ سے مزید ملاقاتیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ ہم اپنی کوششوں کو جوہری معاہدے پر مذاکرات کا نیا دور شروع کرنے پر مرکوز رکھیں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ پیغامات کا تبادلہ کیا گیا ہے، جس میں امریکہ سمیت دیگر بین الاقوامی فریق شامل ہیں، لیکن انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ بین الاقوامی حالات مذاکرات کی بحالی کو پہلے سے زیادہ پیچیدہ اور مشکل بنا رہے ہیں۔