ڈبلن : (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) آئرلینڈ، ناروے اور سپین کے وزیراعظم نے فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کردیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق آئرلینڈ کے وزیراعظم کاکہنا ہے کہ فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا وقت آگیا ہے، تسلیم کرنے کے عمل سے امن کی کوششوں کی تکمیل اور دو ریاستی حل کی حمایت ہو گی۔
ناروے کے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ناروے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر رہا ہے تاہم سرکاری سطح پر اعلان 28 مئی کو کیا جائے گا۔
ناروے کے وزیر اعظم جوناس گہر سٹور نےکہا کہ فلسطین کو ریاست تسلیم نہ کرنے سے مشرق وسطیٰ میں امن نہیں ہو سکتا، ناروے 28 مئی کو سرکاری طور پر فلسطین کو بطور ریاست کو تسلیم کر لے گا، فلسطین کو ایک آزاد ریاست کا بنیادی حق حاصل ہے۔
یورپی یونین کے کئی ممالک نے گزشتہ ہفتوں میں اشارہ دیا ہے کہ وہ فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، ان کا مؤقف تھا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے دو ریاستی حل ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:غزہ کے ہسپتالوں کا محاصرہ ختم اورطبی امداد پہنچانے کی اجازت دی جائے : ٹیڈروس
دنیا کے 173میں سے 140ممالک فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرچکے ہیں۔
یہ کوششیں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب غزہ میں حماس کو شکست دینے کے لیے اسرائیل کی جارحیت کی وجہ سے فلسطینی شہادتوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے اور یہ عالمی سطح پر جنگ بندی اور خطے میں قیامِ امن کے لیے ایک دیرپا حل پر زور دینے کا سبب بنا ہے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 35 ہزارسے زائد فلسطینی شہید اور 79 ہزار 852 زخمی ہوچکے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے ۔