دنیا فلسطینیوں کیخلاف جارحیت روکنے کیلئے اقدامات کرے: محمد بن سلمان

Published On 17 May,2024 06:24 am

منامہ: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ فلسطینی ریاست کے قیام اور اس کی بین الاقوامی شناخت کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

بحرین کی میزبانی میں منعقد ہونے والی عرب سربراہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ عالمی برادری فلسطینیوں کیخلاف جاری اسرائیلی جارحیت کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کرے۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے مزید کہا ہے کہ اسرائیل کی غزہ کی پٹی پر چڑھائی جس بہانے سے بھی شروع کی گئی ہے وہ قابل مذمت ہے، ریاض نے غزہ میں انسانی حالات سے نمٹنے کی کوششوں کی حمایت کی اور غزہ جنگ کو روکنے کیلئے بین الاقوامی سطح پر کوششیں تیز کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ تنازعات کو پرامن طریقوں سے حل کیا جائے، عالمی برادری کو ہمارے فلسطینی بھائیوں کیخلاف وحشیانہ جارحیت کو روکنا چاہیے، سعودی عرب نے عرب مسائل پر بہت زیادہ توجہ دی ہے اور بحیرہ احمر میں بحری نقل و حرکت کی حفاظت پر زور دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز شاہ سلمان کی ہدایت پر گزشتہ روز منامہ پہنچے، انہوں نے عرب لیگ کے 33 ویں سربراہ اجلاس میں شرکت کی، یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دوسری جانب اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں لڑائی جاری ہے، 7 ماہ سے جاری اس لڑائی کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی لقمہ اجل بن چکے ہیں۔