بغیر اجازت حج کرنے پر ایک لاکھ ریال جرمانہ عائد کرنے کا اعلان

Published On 17 May,2024 07:23 am

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی حکومت نے بغیر اجازت حج کرنے کی کوشش کرنے والے کو ایک لاکھ ریال جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بغیر اجازت حج کے ضوابط کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا، بلا اجازت حج کرنے والے شخص کو چاہے وہ مقامی شہری یا غیر ملکی ہو اسے ایک لاکھ ریال ادا کرنا پڑے گا۔

وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر غیرمجاز طریقے سے شخص مقدس شہر مکہ معظمہ کے مرکزی علاقے، حرمین حرم مکی، حرمین ٹرین سٹیشن الرصیفہ اور مرکزی سکیورٹی کنٹرول سینٹر میں پایا گیا تو اسے گرفتار کر لیا جائے گا، حج قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانے کو دوگنا کر دیں گے اور جعلی حج سرگرمیوں کی سختی سے بیخ کنی کی جائے گی۔

قبل ازیں مکہ مکرمہ کے نائب گورنر اور مرکزی حج کمیشن کے وائس چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے کہا کہ اجازت نامہ حاصل کیے بغیر حج نہیں کرنے دیا جائے گا، حج ایک عبادت اور مہذب طرز عمل ہے، پرمٹ کے بغیر حج نہیں، اس حوالے سے ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

نائب گورنر مکہ مکرمہ کا کہنا تھا کہ مہم کا سولہویں سیزن میں آغاز اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ اس نے گز شتہ برسوں میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا ہے اور بلا اجازت حج کرنے یا اس میں مدد دینے والوں کے خلاف کامیاب اقدامات کیے ہیں۔