ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے اقوام متحدہ میں فلسطینی ریاست کی مکمل رکنیت کو تسلیم کرنے کی قرارداد کی ناکامی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اقوام متحدہ میں فلسطینی ریاست کی مکمل رکنیت کو قبول کرنے میں رکاوٹیں اسرائیلی قابض ریاست کی مداخلت اور اس کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں کو بغیر کسی روک ٹوک کے جاری رکھنے میں مدد ملتی ہے، اس طرح کی قراردادوں کی ناکامی سے امن کے حصول میں مزید مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔
وزارت خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ میں فلسطینی شہریوں پر قابض اسرائیل کے حملوں کو روکنے، فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی حمایت اور 1967 کی سرحدوں پر مشتمل فلسطینی ریاست کے قیام کی ذمہ داری قبول کرے۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ عرب امن فارمولے کوآگے بڑھائے اور دارالحکومت مشرقی بیت المقدس پر مشتمل فلسطینی ریاست کے قیام کو تسلیم کرنے کے لیے کردار ادا کرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سلامتی کونسل کے اجلاس میں امریکانے الجزائر کی طرف سے فلسطین کو اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت دینے کے لیے پیش کی گئی قرارداد کے مسودے کے خلاف اپنے ویٹو پاور کا استعمال کیا،سلامتی کونسل کے 12 اراکین نے قرارداد کی حمایت کی مگر امریکا نے اس قرارداد کو ویٹو کردیا۔