ٹورنٹو: (ویب ڈیسک) امریکا کے بعد کینیڈا نے بھی اپوزیشن لیڈر کی جیل میں ہلاکت پر روس کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانی جولی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جن افراد پو پابندیاں عائد کی گئی ہیں ان میں سینئر حکام، روسی عدلیہ کے اعلیٰ عہدیدار، انصاف کی خدمات انجام دینے والے ادارے سمیت روس کے 6 عہدیدار شامل ہیں۔
واضح رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے سخت ناقد الیکسی ناوالنی گزشتہ ماہ جیل میں پر اسرار طور پر انتقال کر گئے تھے، ناوالنی نے پیوٹن پر متعدد بار کرپشن کے الزامات لگائے تھے جس پر انہیں 2021ء میں جرمنی سے واپسی پر گرفتار کیا گیا اور 19 سال قید کی سزا سنائی۔
روس کے 47 سالہ اپوزیشن لیڈر الیکسی ناوالنی آرکٹک جیل کالونی میں 19 سال قید کی سزا کاٹ رہے تھے جہاں ان کی اچانک موت واقع ہوئی اور ابتدائی طور پر وجوہات کا تعین نہیں ہوسکا تاہم تحقیقات کیلئے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔