مصر کا عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کیخلاف یادداشت لانے کا منصوبہ

Published On 19 February,2024 11:14 am

ہیگ : (ویب ڈیسک) عالمی عدالت انصاف میں آج فلسطین پر اسرائیلی قبضہ سے متعلق کیس کی سماعت شروع ہو رہی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق مصری انفارمیشن سروس کے سربراہ ضیا رشوان نے ایک یادداشت کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے جسے مصر فلسطینی علاقوں میں جاری خلاف ورزیوں کے نتیجے میں اسرائیل کے خلاف باضابطہ طور پر عالمی عدالت انصاف میں جمع کرائے گا۔

رشوان نے اعلان کیا ہے کہ مصر 1967 سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی پالیسیوں اور طرز عمل کے بارے میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے بین الاقوامی عدالت انصاف سے درخواست کردہ مشاورتی رائے میں شرکت کرے گا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ مصر 21 فروری کو عدالت کے سامنے جو درخواست کرے گا اس میں عالمی عدالت انصاف کے دائرہ اختیار کی توثیق کرنا بھی شامل ہے تاکہ مشاورتی رائے پر غور کیا جا سکے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی تنظیم کے چارٹر کے مطابق عدالت سے مشاورتی رائے کی درخواست کرنے والے مجاز اداروں میں سے ایک ہے، یہ معاملہ غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے قانونی جہتوں سے متعلق ہے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بین الاقوامی قانون کے اصولوں اور بین الاقوامی جواز کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیل غزہ میں بھوک کوبطور ہتھیاراستعمال کرنے لگا، بمباری سے مزید 70 افرادشہید

رشوان نے کہا کہ مصری یادداشت میں 75 سال سے زائد عرصے تک جاری رہنے والے اسرائیلی قبضے کی غیر قانونی حیثیت کی توثیق بھی شامل ہے، اسرائیل کا یہ قبضہ بین الاقوامی انسانی قانون کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

اسی طرح زمینوں کو ضم کرنے، گھروں کو مسمار کرنے، فلسطینیوں کو بے دخل کرنے، ملک بدر کرنے اور بے گھر کرنے کی اسرائیلی پالیسیاں بھی عالمی انسانی قوانین کو پامال کر رہی ہیں، فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت اور مسلح طاقت کے استعمال کے ذریعے سرزمین پر قبضے کی ممانعت سمیت عمومی عالمی قانون کے مستقل قوانین کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

رشوان کے مطابق یادداشت میں ظلم و ستم، نسلی امتیاز اور دیگر اسرائیلی طرز عمل کی پالیسیوں کو مسترد کرنا بھی شامل ہے۔

رشوان نے کہا کہ میمورنڈم اور مصری درخواست میں عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر ان تمام غلط کارروائیوں کے لیے اسرائیل کی ذمہ داری کی توثیق کرے، اسرائیل کو القدس سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے فوری انخلا کا کہا جائے اور فلسطینی عوام کو ہونے والے نقصانات کی تلافی بھی کرائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں :برازیلین صدر نےغزہ میں نسل کشی کوہولوکاسٹ سے تشبیہ دے دی

یادداشت میں دنیا کے تمام ممالک اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسرائیلی اقدامات کے کسی بھی قانونی اثر کو تسلیم نہ کریں اور اسرائیل کو مدد فراہم کرنا بند کریں، بین الاقوامی ادارے اور اقوام متحدہ اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

یاد رہے کہ مصر نے بارہا اسرائیلی طرز عمل کی وجہ سے خطے میں تنازعات کے پھیلنے سے خبردار کیا ہے اور خطے کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پرامن رہنے اور کشیدگی کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔