2023ء: عمرہ ادائیگی کیلئے سعودیہ آنے والے زائرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

Published On 10 January,2024 07:29 am

ریاض: (ویب ڈیسک) گزشتہ برس عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب آنے والے زائرین کی تعداد نے پچھلے تمام ریکارڈز توڑ دیئے۔

سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے حج و عمرہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال عمرہ زائرین کی تعداد کے اعتبار سے ریکارڈ ساز رہا، 2023ء میں 1 کروڑ 35 لاکھ 50 ہزار زائرین نے عمرے کی سعادت حاصل کی، یہ تعداد 2022ء کے عمرہ زائرین کے مقابلے میں 58 فیصد زیادہ ہے۔

ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے مزید بتایا ہے کہ 2019ء میں سعودی عرب آنے والے زائرین کی سب سے زیادہ تعداد ساڑھے 8 ملین تھی لیکن گزشتہ سال یہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 2023ء میں ساڑھے 13 ملین زائرین نے عمرے کی سعادت حاصل کی اور یہ سب بہترین عمرہ سہولیات کی فراہمی کے مربوط اور نقائص سے پاک نظام کے باعث ممکن ہوا۔

ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے امید ظاہر کی کہ دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد میں ہر سال مزید اضافہ ہوتا جائے گا، جسے یقینی بنانے کیلئے 1.3 بلین ڈالر سے زائد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، ان سے عمرہ زائرین کیلئے گنجائش اور سہولیات میں بے پناہ اضافہ ہو جائے گا۔