برطانوی رکن پارلیمنٹ نازشاہ غزہ کے بچوں کی حالتِ زاربیان کرتے ہوئے آبدیدہ

Published On 09 November,2023 10:58 am

لندن : (دنیانیوز) برطانوی رکن ناز شاہ غزہ کے بچوں کی حالتِ زار پارلیمنٹ میں بیان کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔

پارلیمنٹ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے غزہ کو بچوں کا قبرستان قرار دیدیا ہے، برطانیہ کب خون ریزی بند کرانے کیلئے کوششوں کا آغاز کرے گا؟

اپنے خطاب میں ناز شاہ کا کہنا تھا کہ ایک ویڈیو میں ملبے سے نکالی گئی بچی اپنے انکل سے پوچھ رہی تھی کیا وہ مرگئی ہے اور اسے قبرستان لے جایا جا رہا ہے؟

رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ اس عمر کے بچے قبرستان جانے کی نہیں، کھیل کے میدان میں جانے کی باتیں کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری کے سبب 4 ہزار 324 سے زائد بچے شہید ہوچکے ہیں جبکہ 8 ہزار 663 سے زائد زخمی ہوئے ۔

ڈیفنس فار چلڈرن انٹرنیشنل فلسطین نامی تنظیم کا کہنا ہے کہ 1967 سے 7 اکتوبر 2023 سے قبل مغربی کنارے اور غزہ میں اسرائیل کے ہاتھوں جتنے بچے شہید ہوئے، اس کی دگنی تعداد میں بچے ایک ماہ کے دوران شہید ہوچکے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے باعث روزانہ 100سے زائد فلسطینی بچے شہید ہو رہے ہیں۔