نیویارک: (دنیا نیوز) اسرائیل کی جانب سے 7 اکتوبر کے حملے کا حماس کے ساتھ ساتھ ایران کو بھی ذمہ دار ٹھہرا دیا گیا۔
اقوام متحدہ کے اجلاس میں خطاب کے دوران اسرائیل کے سفیر گیلاد اردان نے ایران اور اقوام متحدہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اقوام متحدہ کے اخلاقی اقدار پر ایک دھبہ ہے، حماس کے ساتھ ساتھ ایران بھی اسرائیل پر حملے کا ذمہ دار ہے۔
اسرائیلی سفیر گیلاد اردان نے مزید کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر حملے میں حماس کی مدد کی ہے، اسرائیل حق کیلئے لڑنا بند نہیں کرے گا، حماس کے مکمل صفائے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، حماس فوری طور پر اسرائیلی یرغمالی رہا کرے۔
قبل ازیں اقوام متحدہ میں سابق اسرائیلی سفیر ڈین گیلرمین نے ایک انٹرویو میں کہا کہ دنیا جن لوگوں کیلئے تشویش کا اظہار کر رہی ہے وہ فلسطینی اصل میں خوفناک جانور ہیں جنہوں نے اسرائیلیوں پر صدی کے بدترین مظالم کیے ہیں۔
ڈین گیلرمین نے مزید کہا کہ جب نائن الیون کے جواب میں طالبان اور القاعدہ کے خلاف امریکا نے آپریشن کیا تو تب بھی لوگوں نے ایسے ہی آنسو بہائے تھے کہ معصوم شہریوں پر ظلم ہو رہا ہے۔