نیویارک: (دنیا نیوز) امریکا نے یونیسکو کی رکنیت سے دستبرداری کے چھ سال بعد بین الاقوامی ادارے کو اپنی دوبارہ شمولیت کے حوالے سے آگاہ کر دیا۔
یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل نے رکن ممالک کے سفیروں کو مطلع کیا کہ امریکی نائب وزیر خارجہ برائے انتظام و وسائل رچرڈ ورما نے گزشتہ ہفتے ادارے میں دوبارہ شمولیت کیلئے ایک خط پیش کیا تھا۔
امریکی حکام نے تنظیم میں دوبارہ شمولیت کا فیصلہ ان خدشات کی وجہ سے کیا ہے کہ چین یونیسکو کی پالیسی سازی کے اندر، خاص طور پر دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کی تعلیم کے معیارات قائم کرنے میں امریکا کی طرف سے چھوڑے گئے خلا کو پر کر رہا ہے۔