نئی دہلی: (دنیا نیوز) بپر جوئے سائیکلون سے خطرے کے پیش نظر بھارتی محکمہ موسمیات نے گجرات میں سوراشٹرا اور کچ کے ساحلوں کیلئے الرٹ جاری کر دیا، طوفان سے ہوا کی رفتار 150 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے جبکہ انتہائی شدید طوفانی لہریں جمعرات کی سہ پہر تک بھارت کے ساحلوں سے ٹکرائیں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سمندری ہواؤں کی رفتارمیں مسلسل تیزی آ رہی ہے جس سے حالات مزید خراب ہونے لگے ہیں، ممبئی کے جوہو ساحل کے قریب تیز لہروں کی زد میں آ کر ایک لڑکا ہلاک ہوگیا ہے۔
گجرات کے ساحل کے قریب واقع 10 دیہاتوں میں آج انخلاء جاری رہے گا، ساحل کے قریب نشیبی علاقوں میں مقیم تقریباً 7500 افراد کو پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، انتہائی شدید طوفانی لہریں جمعرات کی سہ پہر تک کچ اور دیگر علاقوں سے ٹکرائیں گی۔
بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بپر جوئے پوربندر سے جنوب مغرب میں 300 کلومیٹر دور ہے، طوفان 15 جون کی شام تک گجرات جاکھاؤ پورٹ، سوراشٹرا، کچ اور دیگر ملحقہ ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا، طوفانی ہوائیں 125 سے 135 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 150 کلو میٹر تک چلنے کے امکانات ہیں۔
کچ، دیو بھومی دوارکا، پوربندر، جام نگر، راجکوٹ، جوناگڑھ اور موربی اضلاع کیلئے شدید بارش کی وارننگ جاری کر دی گئی، گجرات میں قومی اور ریاستی ڈیزاسٹر فورسز کی ایک، ایک درجن ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جبکہ ماہی گیروں کو گجرات، کیرالہ، کرناٹک، مہاراشٹرا اور لکش دیپ کی سمندری حدود میں جانے سے روک دیا گیا ہے۔