عالمی عدالت کی جانب سے روسی صدر کے وارنٹ گرفتاری ، برطانیہ کا خیر مقدم

Published On 18 March,2023 02:28 pm

لندن : (ویب ڈیسک ) برطانیہ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے انٹرنیشنل کریمنل کورٹ (آئی سی سی) کی جانب سے جاری ہونے والے وارنٹ گرفتاری کا خیرمقدم کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیورلی کاکہنا ہے کہ پیوٹن کو یوکرین میں مبینہ جنگی جرائم کا ذمے دار ٹھہرانے کے آئی سی سی کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین میں جنگی جرائم کا مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا، یوکرین میں مبینہ مظالم کی تحقیقات جاری رہنی چاہیے۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کریمنل کورٹ (آئی سی سی) نے یوکرین میں مبینہ جنگی جرائم پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔

ہیگ میں قائم عدالت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ روسی صدر مبینہ طور پر بچوں کی غیر قانونی ملک بدری اور یوکرین کے مقبوضہ علاقوں سے روسی فیڈریشن میں بچوں کی غیر قانونی منتقلی کے جنگی جرم کے ذمہ دار ہیں۔

عدالت کا کہنا تھا کہ اس بات پر یقین کیلئے ٹھوس وجوہات ہیں کہ پیوٹن ان جرائم کے ذمہ دار ہیں۔

اس سے قبل اسی طرح کے الزام میں آئی سی سی نے روسی فیڈریشن کے صدر دفتر میں بچوں کے حقوق کی کمشنر ماریا الیکسیوینا کی گرفتاری کے لیے وارنٹ بھی جاری کیے تھے۔

ماریا بیلووا ماضی میں، روس لے جانے والے یوکرینی بچوں کی نئی سرے سے تعلیم و تربیت کے بارے میں کھل کر بات کرتی رہی ہیں۔

دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسیکی نے بھی آئی سی سی کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔