ریاض : (دنیانیوز) سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں رمضان المبارک میں درجہ حرارت میں اضافے اور معمول سے زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے نے سعودی عرب کے موسمیات کے قومی مرکز کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ رمضان المبارک میں ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے اور معمول سے زیادہ بارش ہونے کی توقع ہے جبکہ مارچ کے مہینے میں اوسط درجہ حرارت 1.5 ڈگری تک بڑھ جائے گا۔
خاص طور پر تبوک، الجوف اور شمالی سرحدی علاقوں کے کچھ حصوں میں گرمی معمول سے زیادہ ہوگی۔
رمضان المبارک کے پہلے ہفتے کے دوران خاص طور پر 23 سے 31 مارچ تک کے عرصے میں درجہ حرارت زیادہ رہنے کا امکان ہے، زیادہ تر علاقوں میں رمضان کے مہینے میں اوسط درجہ حرارت بڑھے گا۔
رمضان المبارک کے دوران یکم تا 20 اپریل کے عرصہ میں سعودی عرب کے زیادہ تر علاقوں میں درجہ حرارت اوسط سے زیادہ ہونے کا امکان ہے جبکہ مدینہ منورہ، مکہ مکرمہ، عسیر اور جازان میں درجہ حرارت معمول کے مطابق رہنے کا امکان ہے۔
مرکز نے پیش گوئی کی ہے کہ سعودی عرب میں رمضان المبارک میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ہے خاص طور پر ریاض، حائل، القصیم، الجوف میں ، شمالی سرحدی علاقوں، مکہ مکرمہ، عسیر اور جازان کے علاقوں میں رمضان المبارک کے پہلے ہفتے میں بارش کا امکان ہے۔