ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ روس سے اچھے تعلقات پر کسی کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جرمنی میں منعقدہ سیکیورٹی کانفرنس سے اہم خطاب میں امریکا، روس اور ایران کے ساتھ تعلقات پر تحفظات، خدشات اور امکانات پر سیر حاصل گفتگو کی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں مشرق وسطیٰ سے متعلق سیشن میں تقریری کرتے ہوئے کہا کہ روس سے اچھے تعلقات پر کسی کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں۔ امریکا کی طرح روس سے بھی ہمارے اچھے تعلقات سب کے لیے سود مند ثابت ہوں گے۔
فیصل بن فرحان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ بعض امور پر اختلافات ہیں جو کسی سے پوشیدہ نہیں، امریکا کے ساتھ تعلقات میں قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہیں، اختلافات کے باوجود خطے کے امن کے لیے امریکا کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے آگاہ ہیں۔ اس کی ایک وجہ یوکرین جنگ بھی ہے۔ تیل کی عالمی منڈیوں میں استحکام کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔
روس اور یوکرین جنگ کے حوالے سے سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، خلیج تعاون کونسل یوکرینی بحران کا مذاکرات سے حل چاہتی ہے۔