یوکرین کو مزید ہتھیار فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے : جینز سٹولٹن برگ

Published On 14 February,2023 06:01 am

برسلز : ( ویب ڈیسک ) نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ نے ایک بار پھر یوکرین کے مغربی اتحادیوں پر زور دیا ہے کہ وہ یوکرین کے لئے اپنی فوجی حمایت میں اضافہ کریں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ کا کہنا تھا کہ نیٹو کو ایسا کوئی نشان نظر نہیں آتا ہے کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن امن کی تیاری کر رہے ہیں ، یوکرین کو زیادہ تیزی سے مسلح کرنے سے تنازعات کا جلد خاتمہ کر کے جانیں بچائی جا سکتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نئے روسی حملوں کا آغاز ہمیں پہلے ہی نظر آ رہا ہے اس لئے یوکرین کو مزید ہتھیار فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے ، یہ واضح ہے کہ ہم رسد کی دوڑ میں ہیں، گولہ بارود، ایندھن اور سپیئر پارٹس جیسی کلیدی صلاحیتوں کو یوکرین تک پہنچنا چاہیے۔

دوسری جانب نیٹو کے ارکان اور یوکرین کے دیگر اتحادی آج نیٹو ہیڈکوارٹر میں ملاقات کر رہے ہیں تاکہ جنگ زدہ ملک کے لیے مزید ہتھیار اور گولہ بارود فراہم کیا جائے جبکہ کل روس کے قریب اس کے مشرقی کنارے پر نیٹو کے دفاع پر تبادلہ خیال کریں گے، فوجی بجٹ کو بڑھانے کے لیے اقدامات بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔

خیال رہے کہ روسی حملوں میں تیزی آنے کے بعد یوکرین نے روس کا مقابلہ کرنے اور کھوئے ہوئے علاقوں پر دوبارہ قبضہ کرنے کے لیے لڑاکا طیاروں اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔